نمرود کا ظلم اور حضرت ابراہیم علیہ السلام کا بے مثال ایمان: آگ کا گلزار بننا

 
نمرود کا ظلم اور حضرت ابراہیم علیہ السلام کا بے مثال ایمان: آگ کا گلزار بننا
نمرود کا ظلم اور حضرت ابراہیم علیہ السلام کا بے مثال ایمان: آگ کا گلزار بننا







حضرت ابراہیم علیہ السلام اور نمرود کی آگ: ایمان کی طاقت کا عظیم معجزہ



واقعہ بڑا مشہور ہے، آپ نے کئی بار سُنا ہو گا، قرآنِ مجید میں بھی اس واقعہ کی کچھ تفصیلات بیان کی گئی ہیں، نَمرُود وقت کا ظالِم بادشاہ تھا، اس کی پُوری سَلطنت تھی، یہ بَدبَخت خُدائی کا دعویٰ کئے ہوئے تھا،اَسْتَغْفِرُاللہ لوگ اِس کی پُوجا میں مَصْرُوف تھے، یعنی ایک طرف پُوری سلطنت ہے، دوسری طرف تَنہا حضرت ابراہیم عَلَیْہ ِالسَّلام ہیں، ایسے ماحول میں حضرت ابراہیم عَلَیْہ ِ السَّلام نے تنِ تنہا کلمۂ حق بلند فرمایا، لوگوں کو نیکی کی دَعوت دینا شروع فرمائی۔
نَمرُود کو یہ سب کیسے بَرداشْت ہو سکتا تھا؟ اِس بَدبَخت نے ایک بڑی آگ جَلانے کا حُکم دیا، چنانچہ کئی دِنوں تک لکڑیاں جمع کی جاتی رہیں، ایک بڑی چاردِیواری بنا دی گئی، ایک بہت بڑی آگ جَلا دی گئی۔کتابوں میں لکھا ہے: یہ اتنی بڑی آگ تھی کہ اس کے اُوپر کئی میٹر اُونچائی تک پرندے اس آگ پر سے گزر نہیں سکتے تھے، کوئی پرندہ گزرتا تو جھلس کر گِر جاتا تھا، اتنی بڑی آگ جلائی گئی، اب مِنجَنِیق (پتھر پھینکنے کی مشین) تیار ہوئی، حضرت ابراہیم عَلَیْہ ِ السَّلام کو مِنجَنِیق میں رکھ کر آگ کی طرف اُچھال دیا گیا...!! 
اب یہاں یقین کا عالَم دیکھئے! صِرْف آگ میں ڈَالنے کی دَھمکیاں نہیں دِی جا رہیں، آگ میں ڈَالنے کا صِرْف دِن اور وقت مُقرَّر نہیں کیا گیا، ایسا نہیں ہے کہ ابھی آگ میں ڈَالنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں بلکہ آگ کی طرف اُچھال دیا گیا ہے۔
بِلا تَمْثِیل (یعنی صرف سمجھانے کے لئے ) عرض کروں؛ کسی کو قید کر لیا جائے تو اُمِّید ہوتی ہے کہ شاید بچنے کا کوئی رَسْتہ نکل آئے، کسی کو سزا سُنا دِی جائے، تب بھی اُمِّید ہوتی ہے کہ شاید رِہائی کی کوئی صُورت نکل آئے، یہاں یہ مُعَاملہ نہیں ہے، حضرت ابراہیم عَلَیْہ ِالسَّلام کو آگ کی طرف اُچھال دیا گیا ہے یعنی اُمِّیدوں کا وقت خَتم ہو چُکا ہے، اب وہ لمحہ ہے کہ عَام لوگوں کی اس لمحے ساری اُمِّید دَم توڑ چکی ہوتی ہے مگر قربان جائیے! یہ حضرت ابراہیم عَلَیْہ ِ السَّلام ہیں، یہ بےمثال اِیمان والی ہستی ہیں، باکمال یقین والی شخصیت ہیں۔ روایات میں لکھا ہے: جب آپ عَلَیْہ ِالسَّلام کو آگ کی طرف اُچھالا گیا، اب حضرت جبریلِ امین عَلَیْہ ِالسَّلام حاضِر ہوئے، عرض کیا: اے ابراہیم عَلَیْہ ِالسَّلام ! کوئی حَاجت ہو تو فرمائیے! فرمایا: حَاجت تو ہے مگر اے جبریل! آپ سے نہیں ہے۔ عرض کیا: تو جس سے حَاجت ہے، اُسی سے عَرض کیجئے! فرمایا: حَسْبِيْ مِنْ سُؤَالِیْ ‌عِلْمُهٗ ‌بِحَالِيْ یعنی اے جبریل عَلَیْہ ِالسَّلام ! میں کس حَال میں ہوں، رَبِّ کریم جانتا ہے، اس کا جاننا میرے مانگنے سے زِیادہ بہتر ہے ۔
سُبْحٰنَ اللہ! کیسا بےمثال یقین ہے، اللہ پاک کی رحمتوں پر،اس کی عِنایتوں پر کس قَدر پکّا اِیمان ہے، پِھر اِس اِیمان کا نتیجہ بھی دیکھئے! کیسا زبردست نکلا، حکم ہو گیا:
یٰنَارُ كُوْنِیْ بَرْدًا وَّ سَلٰمًا عَلٰۤى اِبْرٰهِیْمَۙ(۶۹) (پارہ:17، الانبیاء:69)
ترجمہ ٔکنزُالعِرفان: اے آگ! ابراہیم پر ٹھنڈی اور سلامتی والی ہوجا۔
اللہُ اکبر! حضرت ابراہیم عَلَیْہ ِالسَّلام کا اِیمان پکّا تھا، یقین بےمِثال تھا تَو رَبِّ کریم نے آپ کے لئے اتنی بڑی آگ کو گلزار (یعنی پھولوں کا باغ) بنا دیا۔
نَمرُودی جَل کر رَاکھ ہو گیا
روایات میں ہے: حضرت ابراہیم عَلَیْہ ِالسَّلام کو جب آگ میں ڈال دیا گیا تَو اس کے کچھ دِن بعد نَمرُود اپنے محل کی چھت پر چڑھا، یہ دیکھنے کے لئے کہ حضرت ابراہیم عَلَیْہ ِالسَّلام کس حال میں ہیں، جب اُس نے دِیکھا تو حِیران رہ گیا کہ حضرت ابراہیم عَلَیْہ ِالسَّلام آگ میں آرام سے تشریف فرما ہیں اور آگ آپ کے لئے گُلزار(یعنی پھولوں کا باغ) بنی ہوئی ہے۔
اب اس کو لگا کہ شاید اس آگ میں کوئی مسئلہ ہے، یہ آگ ہی جَلانےوالی نہیں ہے، چنانچہ اس نے تَجْرِبَہ کرنے کے لئے ایک شخص کو آگ میں ڈالا، جیسے ہی وہ آگ میں گیا، فورًا ہی جَل کر رَاکھ ہو گیا، (یعنی آگ اپنی طبیعت پر تھی، آگ کا کام ہے جَلانا اور وہ جَلا رہی تھی، مگر ابراہیم عَلَیْہ ِالسَّلام کے لئے گُلزار (یعنی پھولوں کا باغ)تھی۔ آپ عَلَیْہ ِالسَّلام کا یہ عظیمُ الشّان معجزہ دیکھ کر کئی لوگ کلمہ پڑھ کر مسلمان ہو گئے۔
! یہ ہے اِیمان اور یقین کی برکت...!! ڈاکٹر اقبال کہتا ہے:
آج بھی ہو جو ابراہیم سا اِیْماں پیدا آگ کر سکتی ہے اَندازِ گُلستاں پیدا
! یہ صِرْف شاعرانہ بات نہیں ہے، حقیقت ہے، جب اِیمان پکّا ہو جائے، یقین پختہ ہو جائے تَو رَبِّ کریم کی رحمتیں ضرور نصیب ہو جاتی ہیں۔
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللہُ عَلٰی مُحَمَّد


ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.