لوحِ محفوظ اور عقیدہ ختمِ نبوت
لوحِ محفوظ اور عقیدہ ختمِ نبوت
حدیثِ پاک کی مشہور کتاب مسلم شریف میں ہے : اللہ پاک کے آخری نبی ، مُحَمَّدِ عربی صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم نے فرمایا : اللہ پاک نے زمین و آسمان کی پیدائش سے 50 ہزار سال پہلے مخلوق کی تقدیر لکھی ، اس وقت لوحِ محفوظ پر جو کچھ لکھا گیا ، اس میں یہ بھی تھا : اَنَّ مُحَمَّدًا خَاتَمُ النَّبِیٖن بے شک مُحَمَّد صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم سب سے آخری نبی ہیں۔
مُحَمَّدِ مصطفےٰ !
سب سے آخری نبی !
احمدِ مجتبیٰ !
سب سے آخری نبی !
آمنہ کا لاڈلا !
سب سے آخری نبی !
شاہِ ہر دوسرا !
سب سے آخری نبی !
حضرت آدم عَلَیْہِ السَّلام اور عقیدہ ختمِ نبوت
صحابئ رسول حضرت ابوہریرہ رَضِیَ اللہ عنہ سے روایت ہے ، آخری نبی ، رسولِ ہاشمی صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم نے فرمایا : جب اللہ پاک نے حضرت آدم عَلَیْہِ السَّلام کو پیدا فرمایا تو انہیں ان کی اَوْلاد دِکھائی گئی ، آپ نے اپنی اَوْلاد میں سے بعض کو بعض سے اَفْضَل دیکھا ، پس آپ نے سب سے آخر میں بلند اور روشن نُور دیکھا ، عرض کیا : یَا رَبِّ ! مَنْ ہٰذَا ؟ اے اللہ پاک ! یہ کون ہے ؟ ارشاد ہوا : اے آدم ! یہ آپ کے بیٹے اَحْمَد ( صلی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم ) ہیں ، یہی اَوَّل ہیں ، یہی آخِر ہیں ، یہی وہ ہیں جو ( روزِ قیامت ) سب سے پہلے شفاعت کریں گے ، انہیں کی شفاعت سب سے پہلے قبول کی جائے گی۔ * صحابئ رسول حضرت جابِر بن عبد اللہ رَضِیَ اللہ عنہ سے روایت ہے کہ اللہ پاک کے نبی حضرت آدَم عَلَیْہِ السَّلام کے دونوں کندھوں کے درمیان لکھا ہوا تھا : مُحَمَّدُ رَّسُوْلُ اللہ خَاتَمُ النَّبِیّٖن مُحَمَّد صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم اللہ پاک کے رسول اورسب سے آخری نبی ہیں۔
تاجدارِ انبیا !
سب سے آخری نبی !
ہیں حبیبِ کبریا !
سب سے آخری نبی !
عقیدہ سب صحابہ کا !
سب سے آخری نبی !
عقیدہ اَہْلِ بیت کا !
سب سے آخری نبی !
زمین پر پہلی اذان
حضرت ابوہریرہ رَضِیَ اللہ عنہ سے روایت ہے ، رسولِ رحمت ، شفیعِ اُمَّت صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم نے فرمایا : حضرت آدم عَلَیْہِ السَّلام ہند میں اُترے ، آپ کو کچھ گھبراہٹ ہوئی تو حضرت جبریل عَلَیْہِ السَّلام آئے ، انہوں نے اذان دِی ، جب انہوں نے اَشْہَدُ اَنَّ مُحَمّدًا رَّسُوْلُ اللہ کہا تو حضرت آدم عَلَیْہِ السَّلام نے پوچھا : مَنْ مُحَمَّد ؟ یعنی مُحَمَّد کون ہیں ؟ جبریل عَلَیْہِ السَّلام نے کہا : اٰخَرُ وَلَدِکَ مِنَ الْاَنْبِیَاء یعنی مُحَمَّد صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم آپ کی اَوْلاد میں سے سب سے آخری نبی ہیں۔
حضرت ابراہیم عَلَیْہِ السَّلام اور عقیدہ ختم نبوت
طبقات الکبریٰ میں روایت ہے : اللہ پاک نے اپنے نبی حضرت ابراہیم خلیل اللہ عَلَیْہِ السَّلام پر نازِل ہونے والے صحیفوں میں لکھا تھا : ( اے ابراہیم ! ) آپ کی اَوْلاد میں بہت سارے قبیلے ( Tribes ) ہوں گے ، یہاں تک کہ نبی اُمِّی تشریف لے آئیں گے ( وہ نبی اُمِّی کون ہیں ؟ ارشاد ہوا : ) اَلَّذِیْ یَکُوْنُ خَاتَمُ الْاَنْبِیَاءِ وہ جو سب سے آخری نبی ہوں گے۔
#ختم_نبوت #لوح_محفوظ #حضرت_آدم #حضرت_ابراہیم #آخری_نبی #تاجدار_انبیا