حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کے بے شمار فضائل اور ان کا بلند مقام


حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کی فضیلت: حضرت جبریل علیہ السلام کی زبان سے بیان کیے گئے عظیم فضائل 

حضرت عمر فاروق رضی اللہُ عنہ کے فضائِل بےحد و بےشُمار ہیں ، ایک مرتبہ حضرت جبریلِ امین عَلَیْہِ السَّلَام بارگاہِ رسالت میں حاضِر تھے ، حضرت عمر فاروقِ اعظم رضی اللہُ عنہ کا ذِکْر ہوا ، پیارے آقا ، مکی مدنی مصطفےٰ صلی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم نے فرمایا : اے جبریل ! عمر کے فضائل اور اللہ پاک کے ہاں ان کا مقام و مرتبہ بیان کیجئے ! حضرت جبریلِ امین عَلَیْہِ السَّلَام نے عرض کیا : لَوْجَلَسْتُ مَعَكَ قَدْرَ مَا لَبِثَ نُوْحٌ فِيْ قَوْمِهٖ لَمْ اَسْتَطِعْ اَنْ اُخْبِرَكَ بِفَضَائِلِ عُمَرَ وَمَا لَهٗ عِنْدَ اللہِ یعنی یارسولَ اللہ صلی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم ! حضرت نُوح عَلَیْہِ السَّلَام نے جتنی عمر پائی ، اگر میں اتنا عرصہ بھی آپ کی خِدْمت میں بیٹھوں اور عمر فاروق کے فضائِل ہی بیان کرتا رہوں تب بھی میں حضرتِ عمر فاروق اعظم رضی اللہُ عنہ کے فضائِل اور اللہ پاک کی بارگاہ میں ان کا مقام و مرتبہ پُورے طور پر بیان نہیں کر سکوں گا۔
احضرت عمر فاروقِ اعظم رضی اللہُ عنہ کے فضائِل بیان کرنے والے کوئی عام نہیں بلکہ فرشتوں کے سردارحضرت جبریلِ امین عَلَیْہِ السَّلَام ہیں اور فضائِل سننے والے بھی کوئی عام ہستی نہیں بلکہ دوجہاں کے مالک و مختار صلی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم ہیں ، اس کے باوُجُود جبریلِ امین عَلَیْہِ السَّلَام عرض کر رہے ہیں کہ اگر میں حضرت نُوح عَلَیْہِ السَّلَام کی عمر جتنا عرصہ بھی بیان کروں ، یعنی ایک ہزار سال سے بھی زیادہ عرصہ حضرت عمر فاروقِ اعظم رضی اللہُ عنہ کے فضائِل ہی بیان کرتا جاؤں تب بھی میں پُورے فضائِل بیان نہیں کر پاؤں گا۔ اس سے اندازہ لگائیے ! حضرت عمر فاروقِ اعظم رضی اللہُ عنہ کے فضائِل کتنے زیادہ ہیں۔ 


حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کی فضیلت

حضرت عمر فاروق اعظم رضی اللہُ عنہ تو فاروقِ اعظم ہیں ، ان کی تو شان ہی نرالی ہے ، جو خوش نصیب آپ سے محبت کرنے لگتا ہے ، وہ بھی نرالی شان والا ہو جاتا ہے۔ صحابئ رسول حضرت اَنَس بن مالِک رضی اللہُ عنہ سے روایت ہے ، سرکارِ مدینہ ، قرارِ قلب و سینہ صلی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم نے فرمایا : مَنْ اَحَبَّ عُمَرَ عُمِّرَ قَلْبُہٗ بِالْاِیْمَانِ یعنی جو حضرت عمر فاروق ِ اعظم رضی اللہُ عنہ سے محبت کرے اس کا دِل ایمان سے بھر دیا جاتا ہے۔
بھٹک سکتا نہیں ہر گز کبھی وہ سیدھے رستے سے کرم جس بَخْت وَر پر ہو گیا فاروقِ اعظم کا 

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.