پاکستان اور انڈیا کے مشہور آموں کی دلچسپ تاریخ اور خصوصیات






شیر شاہ سوری کی فتح سے چونسہ آم کی شہرت تک: آموں کی اقسام اور دلچسپ کہانیاں


شیر شاہ سوری نے جب ہمایوں پر فتح حاصل کی تو چوسا، بہار، انڈیا کے مقام پر اسے یہ مزے دار آم کھانے کو ملے اسی وقت سے اس کا نام چونسہ کا آم اور چونسہ مشہور ہوگیا۔
چوسا کی جنگ مغل بادشاہ، ہمایوں اور افغان شیر شاہ سوری کے درمیان ایک قابل ذکر معرکہ تھا۔ یہ 26 جون 1539 کو چوسا کے مقام پر لڑی گئی، جو بکسر کے جنوب مغرب میں 10 میل دور جدید بہار، ہندوستان میں ہے۔ ہمایوں اپنی جان بچانے کے لئے میدان جنگ سے فرار ہو گئے تھے۔ شیر شاہ فتح یاب ہوئے اور فرید الدین شیر شاہ کے نام سے ان کی تاج پوشی ہوئی۔

*چونسہ آم کی خصوصیات:*

1۔ اس کا سائز درمیانہ اور کبھی کبھی موٹا ہوتا ہے۔
2۔ بہت ہی میٹھا ہوتا ہے۔
3۔ اس میں فائبر کم ہوتا ہے۔
4۔ اس کا رنگ گولڈن یلو ہوتا ہے۔
5۔ پھولوں (محبوب) جیسی خوشبو ہوتی ہے۔

*2۔ انور رٹول*

رٹول، یوپی، انڈیا کے مقام پر ایک کسان نے یہ آم اگایا۔ تقسیم سے پہلے جنوبی پنجاب، پاکستان میں اس نے اپنے والد انوار الحق کے نام سے اسی قسم کا پودا لگایا تھا۔ اسی نسبت سے اس کا نام انور رٹول رکھ دیا گیا۔

*انور رٹول کی خصوصیات:*

1۔ اس کا ایک خاص اوول شیپ ہوتی ہے اور جسامت چھوٹی۔
2۔ شیریں اتنا کہ آفرین کہہ اٹھیں۔
3۔ اس کی اپنی ایک خاص مہک ہوتی ہے۔
4۔ چوس کے اور کاٹ کر کھایا جاتا ہے.
5۔ اس کا ملک شیک بہت مزے کا ہوتا ہے۔

*3۔ سندھڑی آم* 

انیسویں صدی 1830ء کے شروع میں میرپور خاص، سندھ، پاکستان میں اس آم کی ورائٹی کو سب سے پہلے لگایا گیا۔ پہلے یہ سندھی اور پھر سندھڑی آم سے مشہور ہوگیا۔ یہ مارکیٹ میں سب سے پہلے تیار ہو کر اپنے نخرے دکھاتا ہے۔

*خصوصیات:*

1۔ اس کا سائز سب سے بڑا ہوتا ہے۔
2۔ ذائقہ کھٹ مٹھا اور مکھن جیسا ٹیکسچر ہوتا ہے۔
3۔ سب سے پہلے یہی مارکیٹ میں آتا ہے۔
4۔ اس کا پلپ اورنج سا ہوتا ہے۔
5۔  بہت جوسی ہوتا ہے۔

*4۔ لنگڑا آم*

کہتے ہیں کہ بنارس، انڈیا میں ایک لنگڑے آدمی نے اپنے گھر میں یہ آم لگایا تھا۔ لوگ جب اس کو کھاتے تو کہتے لنگڑے کا آم تو بڑا سوادی ہے یار۔ اس کے بعد پھر یہ آم لنگڑا ہی رہا حالانکہ کسی نے اس کو لنگڑا کر چلتے نہیں دیکھا۔

*خصوصیات:*

1۔ پکنے کے بعد بھی رنگ سبز ہوتا ہے۔
2۔ پلپ سے بھرپور ہوتا ہے۔
3۔ سائز چھوٹا اور چھلکا باریک ہوتا ہے۔
4۔ تھوڑی سی کھٹاس مارتا ہے۔
5۔ لنگڑا کہنے سے غصہ نہیں کرتا۔

*5۔ دوسہری آم*

عبد الحمید خان نے دوسہری کے مقام پر کاکوری کے قریب اپنے باغ میں یہ آم سب سے پہلے لگایا اور اپنے بہت ہی میٹھے ذائقے کی وجہ سے چاروں اطراف میں اس کی مشہوری ہوگئی۔

*خصوصیات:*

1۔ لمبوترا سا چھوٹا اور سائز درمیانہ۔ 
2۔ انگلیوں سے پولا (نرم) کرکے چوسا جاتا ہے۔
3۔ اس کا چھلکا آسانی سے اتر جاتا ہے۔
4۔ ملک شیک کے لئے اچھا نہیں سمجھا جاتا۔
5۔ اس کی خوشبو من کو بہت بھاتی ہے۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.